کیلیفورنیا(ایجنسیاں)معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی Apple Inc. کی نئی اسمارٹ فون سیریز آئی فون 18 سے متعلق ابتدائی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جن میں ڈیزائن، کارکردگی اور قیمتوں کے حوالے سے اہم دعوے کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 کا مجموعی ڈیزائن بظاہر iPhone 17 سیریز سے ملتا جلتا ہوسکتا ہے، تاہم اس کی کارکردگی اور فیچرز میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نیا ماڈل پہلے کے مقابلے میں قدرے پتلا ہوگا جبکہ برگنڈی، کافی اور جامنی جیسے نئے رنگ بھی متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔
ٹیک رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 18 ایپل کی متوقع A20 چپ پر کام کرے گا جو 2 نینو میٹر پراسیس پر تیار کی گئی ہوگی۔ اس کے علاوہ اسٹوریج 256 جی بی سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بیٹری کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ فون میں 5100 ایم اے ایچ بیٹری دی جاسکتی ہے جس میں 40 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ شامل ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس میں 6.3 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ متوقع ہے جس سے اسکرولنگ مزید ہموار اور ویژول کوالٹی بہتر ہوگی۔ اسی طرح پرو میکس ماڈل میں ویری ایبل اپرچر کیمرہ ٹیکنالوجی شامل کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے تاکہ مختلف روشنی میں بہتر تصاویر اور ویڈیوز لی جاسکیں۔
ذرائع کے مطابق آئی فون 18 سیریز کو 3 سے 9 ستمبر 2026 کے درمیان لانچ کیا جاسکتا ہے جبکہ قیمتیں ممکنہ طور پر آئی فون 17 سیریز کے برابر رہنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ آئی فون 17 کی ابتدائی قیمت 799 ڈالر، آئی فون 17 ایئر 899 ڈالر، آئی فون 17 پرو 1636 ڈالر جبکہ آئی فون 17 پرو میکس 1928 ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ یہ قیمتیں امریکی مارکیٹ کے لیے ہیں جبکہ پاکستانی صارفین کو کسٹم ڈیوٹی اور اضافی ٹیکسز کے باعث زیادہ رقم ادا کرنا پڑسکتی ہے۔

