“ایک انچ زمین نہیں دینگے، 20 سال لڑنے کو تیار ہیں”:افغان وزیردفاع

کابل(رائٹرز/اے ایف پی)افغانستان کی طالبان حکومت نے بگرام ایئر بیس پر امریکی واپسی کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا اڈے واپس چاہے تو وہ اگلے 20 سال تک لڑنے کیلئےتیار ہیں۔ افغان وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد اور دیگر سرکاری حکام نے کہا ہے کہ افغانستان کی آزادی اور علاقائی سالمیت غیر مشروط ہیں اور بیرونی فوج کی موجودگی کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

افغان وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد نے کہا کہ “اگر آپ واپس آنا اور اڈے لینا چاہتے ہیں تو ہم آپ کیخلاف اگلے 20 سال تک لڑنے کیلئےتیار ہیں۔” وزیر دفاع ملایعقوب، امارت اسلامیہ افغانستانی کے بانی امیر ملا عمر کے فرزند ہیں۔

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس کے نائب اول ملا تاجمیر جواد نے افغان حکومت کی موجودہ نظام کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ افغان وزارت خارجہ کے سیاسی ڈائریکٹر ذاکر جلالی نے کہا کہ افغان کبھی بھی اپنی سرزمین پر غیر ملکی افواج کو قبول نہیں کریں گے اور واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی مذاکرات میں دوبارہ فوجی قبضے کا معاملہ خارج ہونا چاہیے۔

افغان وزارت دفاع کے چیف آف اسٹاف فصیح الدین فطرت نے واضح کیا کہ “افغانستان کی سرزمین کا ایک انچ بھی کسی کے حوالے کرنے کا کوئی معاہدہ ممکن نہیں۔” بعدازاں حکومت کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں خبردار کیا گیا کہ “افغانستان کی آزادی اور علاقائی سالمیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔”

یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بگرام ایئربیس واپس نہ کرنے کی صورت میں افغانستان کو دی گئی سنگین نتائج کی دھمکی کے بعد سامنے آئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ “اگر افغانستان بگرام ایئربیس امریکا کو واپس نہیں دیتا، تو بہت بُری چیزیں ہونے والی ہیں۔”

بگرام ایئر بیس، افغانستان کا سب سے بڑا فوجی اڈہ، امریکی قیادت میں طالبان کے خلاف جنگ کا مرکز رہا اور 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد افغان حکومت کی تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ امریکی اور نیٹو افواج نے جولائی 2021 میں اسے خالی کیا، جس کے بعد طالبان دوبارہ اقتدار میں آئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بگرام پر دوبارہ قبضہ امریکی کیلئےانتہائی مشکل ہوگا، جس کیلئےبڑی تعداد میں فوجی اور جدید فضائی دفاعی نظام کی ضرورت ہوگی جبکہ اسے داعش، القاعدہ اور ایران کے ممکنہ حملوں سے بھی محفوظ رکھنا پڑے گا۔افغان طالبان نے واضح کر دیا ہے کہ بگرام ایئر بیس پر کسی بھی امریکی واپسی کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور وہ اپنی سرزمین کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں