اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا آغاز کل سے سری لنکا کے شہر دمبولا میں ہوگا۔ پاکستان ویمنز ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کل ہی روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
اس سلسلے میں دمبولا میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کپتان پاکستان ویمن ٹیم ندا ڈار نے کہا ہے کہ مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ کھلاڑیوں نے کراچی میں ٹریننگ کیمپ میں سخت محنت کی ہے۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک اچھا تجربہ ہوتا ہے، بھارتی ٹیم کے کھیل کا انداز جارحانہ ہے۔ باہمی سیریز ہر کسی کےلیے اہمیت کی حامل ہے۔
دوسری جانب بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور کا کہنا تھا کہ باہمی سیریز کا ہونا یا نہ ہونا میرے ہاتھ میں نہیں۔ ہم ہمیشہ پاکستان کے خلاف کھیل کر انجوائے کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ہر ٹیم کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور ادھر بھی اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا فائنل 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔