بھارتی گلوکار و ریپر بادشاہ نے ڈیلاس میں اپنے کنسرٹ کو درمیان میں چھوڑنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انہیں مقامی پروموٹرز اور پروڈکشن کمپنی کے درمیان ہونے والے تنازعے کی وجہ سے اپنے شو کو مختصر کرنا پڑا تھا۔
ریپر بادشاہ اس وقت اپنے تیسرے اسٹوڈیو البم ’ایک تھا راجہ‘ کی پروموشن کیلئے امریکا اور کینیڈا کے دورے پر ہیں۔ دی پاگل ٹور 2024 کے عنوان سے یہ ٹور مئی میں شروع ہوا اور اگست میں اختتام پذیر ہونا ہے۔
بادشاہ نے اب اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ڈیلاس میں آج جو کچھ ہوا اس سے میں بہت دلبرداشتہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں واقعی آپ کے شہر میں پرفارم کرنے کا منتظر تھا لیکن مقامی پروموٹرز اور پروڈکشن کمپنی کے درمیان اختلاف کی وجہ سے مجھے سیٹ کو کم کرنے اور شو کو درمیان میں بند کرنے پر مجبور کیا گیا‘۔
38 سالہ موسیقار نے کہا کہ پروموٹرز کو بہتر طریقے سے آلات کا انتظام کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر اس وقت جب بڑے فارمیٹ کے شوز کیے جا رہے ہوں، کیونکہ کسی بھی ٹور کیلئے کافی توانائی اور کوشش کی ضرورت ہوتی ہے۔
بادشاہ نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ’یہ ان شائقین کے لیے مناسب نہیں ہے جو اس ٹکٹ کو خریدنے کے لیے اپنی محنت سے کمائی گئی رقم خرچ کرتے ہیں، اور یہ یقینی طور پر پورے عملے کے لیے منصفانہ نہیں ہے جو ان ٹورز کو شروع کرنے کےلیے اپنا دل لگاتا ہے۔ ہم ہفتوں کی مشق کرتے ہیں، مہینوں کا منصوبہ بناتے ہیں۔یاد رہے کہ پاگل ٹور کے ایک حصے کے طور پر بادشاہ نے اب تک واشنگٹن ڈی سی اور ہیوسٹن میں پرفارم کیا ہے۔