بارسلونا، اسپین(نمائندہ خصوصی)اسپین کے شہر بارسلونا میں پاکستان کے پرامن تشخص اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئےایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی معروف اسلامی اسکالر اور خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا محمد عبدالخبیر آزاد تھے۔ کانفرنس میں اسلاموفوبیا، مذہبی منافرت اور دنیا میں پھیلتی شدت پسندی کے خلاف مؤثر پیغام دیا گیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے جو دنیا کو بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا گہری زیادتی ہے، کیونکہ اسلام کی تعلیمات کا مرکز ہمیشہ امن، عدل، محبت اور برداشت رہا ہے۔
اس بین الاقوامی کانفرنس میں اسپین کے حکومتی نمائندے، سفارت کار، انسانی حقوق کے کارکن، مختلف مذاہب کے رہنما، اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مولانا جمیل اعظم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈہ بند کیا جائے، اور پاکستان جیسے پرامن ملک کی قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد امن، اخوت، اور انصاف پر رکھی گئی ہے اور پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاستی ذمہ داری ہے، اور ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئےعلما، حکومت اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں پاکستانی قونصل خانہ بارسلونا نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے اس پروگرام کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ایونٹ کا اہتمام معروف سماجی و سیاسی شخصیات سید الذوالقرنین شاہ اور چوہدری امانت حسین مہر کی جانب سے کیا گیا تھا۔
کانفرنس کے اختتام پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے تمام شرکاء، منتظمین، اور اسپین کی مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی تقاریب پاکستان کے عالمی امیج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور دنیا بھر میں بین المذاہب رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔

