سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کے بجائے موت کو ترجیح دوں گا۔
کور کمیٹی کے عہدے سے مستعفی ہونے والے صاحبزادہ حامد نے کہا کہ کمیٹیوں سے استعفے کا مطلب پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنا نہیں ہے، مشکل حالات میں بانی کا ساتھ چھوڑنے کا سوچنے والے پر خدا کی لعنت، سنی اتحاد کونسل کا تحریک انصاف سے اتحاد قائم رہےگا۔
حامد رضا نے کہا کہ کور اور سیاسی کمیٹی سے استعفے کا فیصلہ پارٹی اختلافات سے دور رہنے کیلئے کیا، میری اور بانی پی ٹی آئی کی سیاست ایک ساتھ چلے گی جدا نہیں ہوں گا، ایم این اے کی نشست سے استعفیٰ بانی پی ٹی آئی کو پیش کروں گا۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ میری سیٹ بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے انہی کو واپس کروں گا، استعفیٰ قبول ہو یا نہ ہو ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ آج شام سلمان اکرم راجہ کے بعد پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما صاحبزادہ حامد رضا کور کمیٹی کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔
میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق حامد رضا قومی اسمبلی کی نشست سے بھی استعفیٰ دیں گے، سربراہ سنی اتحاد کونسل قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بانی پی ٹی آئی کو پیش کریں گے۔