برامپٹن سپر لیگ: دی 905رز سی سی اور پنجابی روٹس گولڈ ڈویژن فائنل میں پہنچ گئے

برامپٹن (اشرف خان لودھی سے) برامپٹن سپر لیگ کرکٹ 2026 کے گولڈ ڈویژن کے سنسنی خیز سیمی فائنلز میں دی 905رز سی سی اور پنجابی روٹس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 6 اکتوبر کو ہونے والے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پہلے سیمی فائنل میں دی 905رز سی سی نے 153 رنز بنائے، جواب میں کچنر وولوز کی پوری ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ دی 905رز سی سی نے دلچسپ مقابلے میں 6 رنز سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسرے سیمی فائنل میں پنجابی روٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ کینیڈا نائٹس کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے، تاہم پنجابی روٹس نے 23 رنز سے میچ جیت لیا۔

میچز کے دوران موسم خوشگوار رہا جبکہ گراؤنڈ میں بچوں، خاندانوں اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی، جس سے مقابلوں میں کمیونٹی اور خاندانی ماحول نمایاں رہا۔

اس موقع پر پین ہٹ کے مالکان ریان اور حسن، دبئی سے آئے زاہد، وکیل رضوی اور عمران اپنی فیملیز کے ہمراہ گراؤنڈ میں موجود رہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

کینیڈا سپر لیگ، برامپٹن سپر لیگ کرکٹ اور بانی و ڈائریکٹر محمد شعیب نے لیگ، کھلاڑیوں اور کمیونٹی کرکٹ کو میڈیا کوریج اور تعاون فراہم کرنے پر جنگ نیوزکینیڈاکےچیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

گولڈ ڈویژن کا فائنل 6 اکتوبر کو دی 905رز سی سی اور پنجابی روٹس کے درمیان کھیلا جائیگا، جس میں برامپٹن سپر لیگ کرکٹ 2026 کے گولڈ ڈویژن چیمپئن کا فیصلہ ہوگا۔