برامپٹن میں عالمی یومِ خواتین کی تقریب 7 مارچ کو منعقد ہوگی

برامپٹن(نمائندہ خصوصی) شہر برامپٹن میں 7 مارچ کو عالمی یومِ خواتین منانے کا اعلان کر دیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کی خدمات، قیادت اور معاشرے میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جائیگا۔اس سال کا عالمی موضوع ’’دینے سے پانے تک‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت باہمی تعاون، رہنمائی اور وسائل کی فراہمی کے ذریعے صنفی مساوات کو فروغ دینے پر زور دیا جائیگا۔

تقریب ہفتہ 7 مارچ کو شام ساڑھے پانچ بجے سے رات دس بجے تک روز تھیٹر میں منعقد ہوگی جبکہ مرکزی پروگرام رات آٹھ بجے شروع ہوگا جس میں شرکت کیلئے داخلہ پاس درکار ہوگا۔تقریب میں ایک خصوصی مذاکرہ منعقد ہوگا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں خواتین اظہارِ خیال کریں گی، جن میں معروف گلوکارہ لی آرن بھی شامل ہیں۔ شرکاء کو مقامی خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے گروہوں سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کیا جائیگا۔

برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا ہے کہ عالمی یومِ خواتین ہمیں ان خواتین کو سراہنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ہر روز شہر کی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور رہنمائی کے ذریعے ایک مضبوط اور مساوی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔شہر انتظامیہ کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے اور قیادت میں آگے لانے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس موقع پر خواتین کی حوصلہ افزائی اور معاونت کو فروغ دیں۔