برامپٹن: کرکٹ کینیڈا ٹیم کی ورلڈکپ کیلئے روانگی پرتقریب کاانعقاد

برامپٹن (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کیلئےبرامپٹن میں ورلڈکپ کیلئے بھارت روانگی پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کیلئے نیک خواہشات دی گئیں۔ ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا۔

تقریب میں میئر برامپٹن پیٹرک براؤن نے کہا کہ برامپٹن نے کرکٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کر کے اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر پہنچانے کا موقع فراہم کیا ہے اور یہ شہر کینیڈا کا کرکٹ کیپیٹل بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے روانہ کرنے سے قبل شہر سے نیک خواہشات دینا ایک خوشگوار لمحہ ہے۔

کینیڈا کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سخت مقابلے کے باوجود وہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے اور نوجوان نسل کو کرکٹ کیلئے متاثر کرنے کی کوشش کرینگے تاکہ مستقبل میں کوئی کھلاڑی عالمی ٹرافی کینیڈا واپس لے آئے۔

میڈیا کو بھی موقع فراہم کیا گیا کہ وہ ٹیم کے بیانات اور تقریب کی کوریج کر سکیں۔ اس تقریب میں کرکٹ کینیڈا کی قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف موجود تھے۔تقریب میں زور دیا گیا کہ چاہے ٹیم جیتے یا ہارے، اہم مقصد نوجوانوں کو کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دینا اور ملک میں کھیل کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔