برامپٹن: کریڈٹ ویو سینڈل وُڈ پارک میں نیا کرکٹ گراؤنڈ کھول دیا گیا

برامپٹن( نمائندہ خصوصی)شہرِ برامپٹن نے کریڈٹ ویو سینڈل وُڈ پارک میں ایک نیا مکمل سائز کا کرکٹ گراؤنڈ باضابطہ طور پر کھول دیا ہے، جس سے شہر کی حیثیت کینیڈا کے کرکٹ دارالحکومت کے طور پر مزید مستحکم ہو گئی ہے۔ یہ جدید سہولت قومی اور بین الاقوامی معیار کی خصوصیات سے مزین ہے۔

15 جولائی 2025 کو برامپٹن شہر نے کریڈٹ ویو سینڈل وُڈ پارک میں نئے کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا، جو کہ کھلاڑیوں کے پویلین، اسکور بورڈ، سائٹ اسکرینز، آبپاشی کے نظام اور فلڈ لائٹس جیسی جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ یہ منصوبہ برامپٹن کی اسپورٹس ٹورازم اسٹریٹجی کے تحت مکمل ہونے والا پہلا کھیلوں کا انفراسٹرکچر منصوبہ ہے۔

نیا گراؤنڈ پارک میں موجود دیگر سہولیات جیسے اسپلیش پیڈ، بچوں کا کھیل کا میدان، آؤٹ ڈور فٹنس آلات، اور مختلف سائز کے فٹبال، کرکٹ، لَکراس اور ساکر گراؤنڈز کے علاوہ ایک بڑی شمولیت ہے۔

شہر اس وقت ایرنس کلف پارک میں 25 ملین ڈالر کی لاگت سے پہلا سال بھر فعال رہنے والا کرکٹ کمپلیکس تعمیر کر رہا ہے، جو 2026 کے اوائل تک مکمل ہو جائے گا۔ اس میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں سہولتیں شامل ہوں گی تاکہ کرکٹ سے وابستہ کھلاڑی پورے سال کھیل سے جڑے رہیں۔

برامپٹن میں اس وقت 23 کرکٹ گراؤنڈز اور ایک ٹیپ بال پچ موجود ہے۔شہر کے کرکٹ گراؤنڈز سالانہ 70 سے زائد تنظیموں، ٹورنامنٹس اور کھلاڑیوں کو 19000گھنٹے سے زیادہ وقت کیلئےدستیاب ہوتے ہیں۔

ٹرنر فینٹن سیکنڈری اسکول میں پہلی مشترکہ کرکٹ سہولت مکمل ہو چکی ہے۔شہر نے 2025 کے بجٹ میں کرکٹ انفراسٹرکچر پر اگلے دو سال کے دوران 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔

میئر پیٹرک براؤن نے کہا”ہمیں فخر ہے کہ برامپٹن کینیڈا کا کرکٹ دارالحکومت ہے، اور یہ نیا فُل سائز کرکٹ فیلڈ کھیل اور کمیونٹی سے وابستگی کی ہماری کوششوں کا مظہر ہے۔ یہ سہولت مستقبل کے ٹورنامنٹس کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی نشوونما میں مدد دے گی۔”

ریجنل کونسلر روینا سانتوس نے کہا”یہ منصوبہ کھیل تک رسائی کو بہتر بنانے کی ہماری پالیسی کی عکاسی کرتا ہے اور ہر عمر کے شہریوں کیلئے صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتا ہے۔”

ریجنل کونسلر نوَجیت کور برار کا کہنا تھا”یہ فیلڈ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ترقی کے مواقع فراہم کرے گا اور مقامی ٹورنامنٹس کو تقویت دے گا۔”

ریجنل کونسلر مائیکل پالیشی نے کہا”یہ سہولت ہماری تیزی سے بڑھتی آبادی کیلئےجدید انفراسٹرکچر فراہم کرتی ہے اور شام کے وقت میچز کیلئے فلڈ لائٹس جیسی سہولیات کے باعث ایک بڑا اثاثہ ثابت ہوگی۔”

کرکٹ کینیڈا کے نائب صدر اور برامپٹن اسپورٹس ہال آف فیم کے رکن پرائیم پرساد نے کہا”یہ فیلڈ مقامی اور علاقائی سطح پر کرکٹ کے معیار کو بلند کرے گا اور کھلاڑیوں کی تربیت اور مقابلوں کیلئےمعیاری جگہ فراہم کرے گا۔”

اپنا تبصرہ لکھیں