برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کو قتل کی دھمکیاں دینے والا شخص گرفتار

برامپٹن (نمائندہ خصوصی)برامپٹن پولیس نے ایک مقامی رہائشی کو میئر پیٹرک براؤن اور ان کے اہلِ خانہ کو قتل کی سنگین دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق 29 سالہ کنورجوت سنگھ مانوریا کو 15 جولائی 2025 کو گرفتار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جون کے آخر میں میئر براؤن کو بذریعہ ای میل اور ڈاک ایسی دھمکیاں موصول ہوئیں جن میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں ورنہ ان، ان کی اہلیہ اور بیٹے کو جانی نقصان پہنچایا جائے گا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے میئر کی سیکیورٹی سخت کر دی اور تفتیش کا آغاز کیا۔

پیل ریجنل پولیس نے تحقیقات کے دوران سرچ وارنٹ حاصل کیے، الیکٹرانک آلات ضبط کیے اور شواہد کی بنیاد پر کنورجوت سنگھ مانوریا کو حراست میں لیا۔ حکام کے مطابق ملزم اکیلا کام کر رہا تھا اور فی الحال عوام یا میئر کو کوئی براہِ راست خطرہ نہیں۔

16 جولائی کو ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس کی ضمانت 10000ڈالرپر منظور ہوئی۔ عدالت نے سخت شرائط عائد کرتے ہوئے اسے میئر اور ان کے اہلِ خانہ سے 200 میٹر سے قریب نہ جانے اور کسی قسم کا رابطہ نہ کرنے کا حکم دیا۔عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ملزم نے نہ صرف ایک رپورٹر کو گالی دی بلکہ تشدد کی دھمکی بھی دی، جس پر عدالتی سیکیورٹی عملے نے مداخلت کی۔

میئر پیٹرک براؤن نے واقعے کو “انتہائی خوفناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور برامپٹن کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پولیس کی بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔پیل ریجنل پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ عوامی نمائندوں اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں