برتن دھوتی خاتون تیسری منزل سے گر گئی

برتن دھوتے دھوتے چھت سے گرنے والی بھارتی خاتون کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ صارفین معاملے کی سنگینی پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

اکثر بھارتی ڈراموں میں ایسے مناظر دیکھائے جاتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ کبھی ہیروئن چلتے چلتے سوٹ کیس میں گر کر بے ہوش ہوجاتی ہے، تو کبھی کڑوا چوتھ کا برت تُڑوانے کے لیے ہیرو اپنے ہاتھوں سے چاند نکال کے لے آتا ہے، تو کبھی ہیرو ہیروئن پتنگ سے لٹک کر ہوا میں اُڑ جاتے ہیں۔

تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بنگلورو میں ایک 24 سالہ روبیا نامی خاتون چھت پر برتن دھوتے دھوتے ڈرامائی انداز میں نیچے آگریں، جس کی پریشان کُن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ تاہم ویڈیو کو دیکھ کر صارفین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کا پیر صابن پر پڑ گیا تھا جس کی وجہ سے وہ پھسل کر تیسری منزل سے سیدھا نیچے آگریں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ ایک شخص چھت سے لٹکنے والی ایک خاتون کو بچانے کی کوشش کرتا ہے اور اگلے ہی لمحے ان کا ہاتھ چھوٹ جاتا ہے اور خاتون تیسری منزل سے نیچے کھڑی موٹر سائیکل پر آ گرتی ہے۔

گوکہ خاتون کے گرنے سے قبل علاقے کے چند افراد موقع پر جمع ہوجاتے ہیں اور چادر پھیلا کر خاتون کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں جو ناکافی ثابت ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موقع پر موجود ایک شخص کی حاضر دماغی کے باعث متاثرہ خاتون کو فوری طور پر رکشے میں اسپتال لے جایا گیا، جہاں خاتون کوما میں زیر علاج ہے اور اپنی زندگی و موت کی جنگ لڑ رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص متاثرہ خاتون کا شوہر ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے معاملے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور خاتون کے گرنے کی وجہ یعنی صابن پر پیر پڑنے سے پھسلنے کو غیر یقینی کہہ رہے ہیں۔

دوسری جانب اس معاملے کا مقدمہ مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کروایا گیا ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں