برسبین(سپورٹس ڈیسک)عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ارینا سبالنکا کا برسبین اوپن کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے رات کے وقت ٹرافی شوٹ کروایا۔
آسٹریلین اوپن کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والے اس ایونٹ میں ارینا سبالنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارتا کوسٹیوک کو 4-6 اور 3-6 سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے برسبین اوپن کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا اور چار برسوں میں تیسری مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
ارینا سبالنکا نے کہا کہ وہ ہر ٹورنامنٹ میں اسی ہدف کے ساتھ حصہ لیتی ہیں کہ اپنا لیول برقرار رکھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین اوپن کے حوالے سے وہ جانتی ہیں کہ انہیں مقابلے میں بھرپور فائٹ کرنا ہے۔
ٹینس اسٹار نے مزید کہا کہ وہ اس بار بھی سال کا پہلا گرینڈ سلم جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ارینا سبالنکا کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

