برسلز (نمائندہ خصوصی)برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے یومِ دفاع 6 ستمبر کو ایک شاندار اور پُر وقار تقریب کے ساتھ منایا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظمِ پاکستان کے خصوصی پیغامات شرکاء کو سنائے گئے۔ اس موقع پر بیلجیئن شہریوں، صحافیوں، کمیونٹی رہنماؤں اور پاکستانی نژاد افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ دفاعی اتاشی بھی تقریب میں شریک تھے۔

یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے اپنے خطاب میں یومِ دفاع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ 6 ستمبر نہ صرف 1965ء کی جنگ میں دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد دہانی ہے بلکہ یہ قومی اتحاد، استقامت اور وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی بھی علامت ہے۔
سفیر نے اپنے خطاب میں اس دن کو اُن جانباز سپاہیوں کے نام کرنے پر زور دیا جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اُنہوں نے اس عہد کی تجدید کی کہ پاکستان کا دفاع ایک مقدس اور اولین قومی فریضہ ہے۔

اس سال کی تقریب میں معرکۂ حق کے ہیروز کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا جن کی جرأت نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ اسی طرح آپریشن ردّالفساد کے شہداء کو بھی یاد کیا گیا، جن کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور مسلح افواج کی مزید کامیابی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ کیا گیا۔

