لندن(برطانوی وزارتِ اطلاعات، غیر ملکی میڈیا)برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے افغانستان میں برطانیہ سمیت نیٹو کے کردار پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کو خطرناک اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو فوری طور پر معافی مانگنی چاہیے۔
سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ اگر میں نے ایسا بیان دیا ہوتا تو یقینا معافی مانگتا۔ 9/11 کے بعد افغانستان میں امریکا کے ساتھ جنگ کے دوران 457 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے، تاہم صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ نیٹو افواج فرنٹ لائن سے دور رہیں۔برطانوی وزیراعظم کے مطابق صدر ٹرمپ کا بیان مضحکہ خیز ہے، جبکہ کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر کیمی بیڈینوک نے بھی اسے ’’فضول بکواس‘‘ قرار دیا۔
علاوہ ازیں امریکا میں مقیم برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے بھی موقف اختیار کیا کہ افغانستان میں نیٹو افواج کی قربانیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ شہزادہ ہیری نے کہا کہ انہوں نے خود بھی افغانستان میں فوجی خدمات انجام دی ہیں، دوست بنائے اور کھوئے، والدین نے اپنے بچوں کو دفن کیا اور بچے والدین کے بغیر رہ گئے، اس لیے قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

