برطانیہ جنگی طیارے مشرق وسطیٰ بھیج رہا ہے: وزیراعظم کیئر اسٹارمر

لندن/کینیڈا (اسکائی نیوز/نمائندہ خصوصی) —برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ جنگی طیاروں سمیت اپنے دیگر فوجی اثاثے مشرق وسطیٰ منتقل کر رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جی 7 اجلاس میں شرکت کیلئے کینیڈا روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم اسٹارمر کا کہنا تھا کہ “یہ واضح طور پر آپریشنل فیصلے ہیں اور صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، اس لئے میں اس کی مزید تفصیلات میں نہیں جاؤں گا لیکن ہم اثاثے منتقل کر رہے ہیں اور ان میں جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔”

انہوں نے ان رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ برطانیہ کو ایران پر اسرائیلی حملوں کی پیشگی اطلاع تھی یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “میں اس بات پر تبصرہ نہیں کروں گا کہ ہمارے پاس اس وقت یا بعد میں کیا معلومات تھیں، لیکن ہم اپنے اتحادیوں، خاص طور پر امریکا کے ساتھ مسلسل معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔”

ادھر ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، ایران نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا، برطانیہ اور فرانس اسرائیل کو ایران کے جوابی حملے روکنے میں مدد فراہم کرتے رہے تو مشرق وسطیٰ میں ان ممالک کے فوجی اڈے اور بحری جہاز محفوظ نہیں رہیں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق، ایران نے اسرائیل کے اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حملے کے دوران اگر کسی ملک نے اسرائیل کی دفاعی مدد کی تو اسے جوابی کارروائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔خطے میں کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ جی 7 اجلاس میں بھی مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بات چیت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں