لندن(نمائندہ خصوصی)برطانیہ کے ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر ٹیک آف کے فوراً بعد ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ایسیکس کی ساؤتھ اینڈ کاؤنٹی میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ہنگامی ادارے موقع پر موجود ہیں، قریبی گالف اور رگبی کلب بھی خالی کرا لیے گئے۔
برطانوی روزنامے ’دی انڈیپینڈنٹ‘ کے مطابق، ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر ایک چھوٹا طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ واقعے کے بعد آسمان میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔ طیارہ ایک “بیچ B200” ماڈل کا تھا جو ہالینڈ کے شہر لیلیسٹڈ کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔
ایسیکس پولیس کے مطابق انہیں شام 4 بجے کے قریب اطلاع ملی کہ ایک 12 میٹر طویل طیارہ زمین سے ٹکرا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ جائے وقوعہ پر ہنگامی سروسز کے ساتھ مشترکہ طور پر کارروائی میں مصروف ہیں، جو آئندہ کئی گھنٹوں تک جاری رہے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جائے حادثہ سے دور رہیں۔
حادثے کے بعد ایزی جیٹ نے، جو ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ کو بطور بیس استعمال کرتی ہے، اپنی پیرس، الیکانٹے، فارو اور پالما ڈی مالورکا جانے والی چار شام کی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایزی جیٹ ہفتہ وار 122 پروازیں 20 مختلف روٹس پر چلاتی ہے۔
پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت روچفورڈ ہنڈرڈ گالف کلب اور ویسٹکلف رگبی کلب کو بھی خالی کرا لیا ہے، جسے “احتیاطی اقدام” قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہ مقامات کریش سائٹ سے قریب واقع ہیں۔
ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ کا تمام ڈیپارچر آپریشن منسوخ کر دیا گیا ہے، تاہم ارائیول بورڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرونی شہروں سے واپس آنے والی کچھ پروازیں رات کے اوقات میں وقت پر پہنچیں گی۔
ساؤتھ اینڈ ویسٹ کے لیبر رکن پارلیمنٹ ڈیوڈ برٹن-سیمسن نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ردعمل میں کہا: “مجھے ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کا علم ہے، براہ کرم دور رہیں اور ہنگامی خدمات کے اداروں کو اپنا کام کرنے دیں۔ میری دعائیں اس میں شامل تمام افراد کے ساتھ ہیں۔”
حکام واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں، جب کہ متاثرہ ایریا کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

