لندن (برطانوی میڈیا) برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے شمال مغربی علاقے ویلزڈن کے مصروف مقام پاؤنڈ لین میں 50 سالہ خاتون کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب پاؤنڈ لین میں چاقو سے حملے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس اور لندن ایمبولینس سروس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، جہاں خاتون کو چاقو کے زخموں کی حالت میں پایا گیا۔
پولیس کے مطابق ہنگامی طبی امداد کے باوجود خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ مقتولہ کے لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے اور خصوصی افسران ان کی معاونت کر رہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ اسی شام قتل کے شبہ میں 30 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا، جو اس وقت شمالی لندن کے ایک پولیس اسٹیشن میں حراست میں ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اور مقتولہ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔
میٹروپولیٹن پولیس کی ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر ربیکا وڈسفورڈ نے کہا کہ واقعہ ویلزڈن کے ایک مصروف علاقے میں پیش آیا، تاہم اب تک کی تفتیش میں عوام کے لیے کسی وسیع خطرے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ڈیٹیکٹو سپرنٹنڈنٹ ٹونی بیلس کے مطابق پولیس کا خیال ہے کہ یہ ایک الگ تھلگ واقعہ ہے اور اس سے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔

