برطانیہ میں چوری ہونیوالی رینج روور سپورٹس کراچی میں ٹریک ہوگئی

کراچی (نمائندہ خصوصی) — سندھ پولیس نے انٹرپول سے موصولہ معلومات کی بنیاد پر برطانیہ میں چوری شدہ اور بعد ازاں کراچی میں ٹریک ہونے والی سیاہ رنگ رینج روور اسپورٹس گاڑی کے ٹریکر لاگ کی تفصیلات برطانوی حکام سے مانگ لیں ہیں۔

انٹرپول کی جانب سے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اینٹی وہیکلز لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا تھا کہ چوری شدہ گاڑی کا آخری معلوم مقام 11 فروری 2025 کو کراچی کے صدر کا علاقہ ریکارڈ ہوا۔ سندھ پولیس نے ٹریکر لاگ، ٹریکر کے ماخذ اور گاڑی کے فعال مقام کے تعین کا طریقہ کار طلب کر لیا ہے۔

انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن نے بتایا کہ انٹرپول کا دو روز قبل موصولہ خط دفتر اے وی ایل سی کو موصول ہوا تھا اور اسی کے تحت برطانوی پولیس سے تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

سرکاری خط کے مطابق یہ رینج روور اسپورٹس گاڑی 11 نومبر 2022 کو ہاروگیٹ، برطانیہ سے چوری ہوئی تھی۔ گاڑی میں ٹیلی میٹکس/ٹریکر نصب تھا اور ابتدا میں گاڑی کا سراغ لیڈز (برطانیہ) میں ملا، مگر پھر ٹریک بند ہوگیا۔

لینڈ رور رینج روور کے ٹیلی میٹکس ماڈیول کے اعداد و شمار کے مطابق گاڑی 11 فروری 2025 کو صبح 06:34 پر کورنگی سروس روڈ، اعظم بستی، صدر ٹاؤن کراچی میں موجود ریکارڈ ہوئی۔انٹرپول نے برطانوی حکام سے درخواست کی ہے کہ آیا پاکستانی حکام کیلئے کوئی سرکولر جاری کیا جائیگا یا پاکستانی حکام کو مزید سراغ رسانی اور معلومات فراہم کی جائیں گی۔

سندھ پولیس کی طرف سے برطانوی حکام کو ای میل بھیج دی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گاڑی کے اندر نصب ٹریکر کا تفصیلی لاگ، ٹریکر کے مقام معلوم کرنے کے طریقۂ کار اور متعلقہ تکنیکی معلومات فراہم کی جائیں تاکہ چوری شدہ گاڑی کے سلسلے میں تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں