برطانیہ کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے 30 لاکھ پاؤنڈ کی ہنگامی امداد کا اعلان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے 30 لاکھ پاؤنڈ کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار سے ملاقات میں برطانیہ کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے فوری امداد کے اعلان کے ساتھ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

سرکاری پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں سیلاب اور حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور 30 لاکھ پاؤنڈ کی ہنگامی امداد فراہم کر رہا ہے تاکہ متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار نے برطانیہ کے اس بروقت تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی پر حکومت اور عوام شکر گزار ہیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔پاکستانی حکومت نے برطانیہ کے اس اقدام کو مثبت اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں