بشریٰ بی بی کی عوام سے 24نومبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل

بشریٰ بی بی کا 24نومبر کے احتجاج سے متعلق ویڈیو پیغام جاری کردیا گیا، بشریٰ بی بی نے ویڈیو میں بانی پی ٹی آئی کا عوام کے نام پیغام پہنچایا۔ بشریٰ بی بی نے عوام سے 24نومبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی، بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو 24نومبرکو نکلنے کی کال دی ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہرطبقے کو احتجاج کا حصہ بننے کا پیغام دیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نےکہا ہے وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے وکلا، ججز کو احتجاج کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے، کہا جارہا ہے کہ 24نومبر کی تاریخ تبدیل کردی جائے۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ 24نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی، جب تک بانی خود تاریخ بدلنے کا اعلان نہیں کرتے تبدیل نہیں ہوگی، جب تک بانی خود عوام سےخطاب نہیں کرتے 24 تاریخ تبدیل نہیں ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ہمارااحتجاج آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، ادارے اور پولیس اپنے بچوں پر ظلم کیوں کررہی ہے؟، کیا پاکستان صرف بانی پی ٹی آئی کا ہے؟ کیا قربانیاں بانی پی ٹی آئی نے دینی ہیں؟ کیا بانی کا دل نہیں کرتا کہ وہ آرام کریں؟ ان کوبہت چھوٹی جگہ پررکھا گیا ہے۔

بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ باجوہ کو کہا گیا یہ آپ کس شخص کو لے آئےہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں، کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ بانی ڈیڑھ سال سے انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئےجیل میں ہیں، قانون کے مطابق کسی کو پُرامن احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی باہر آکر کسی صورت بدلہ نہیں لیں گے، بانی پی ٹی آئی نے یہ واضح کردیا ہے بدلہ لینا اللہ کو بھی پسند نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں