بلوچستان: بھاگ ناڑی میں مسلح افراد کا لیویز تھانے پر حملہ، انسپکٹر شہید، اہلکار یرغمال

بھاگ ناڑی (نامہ نگار) بلوچستان کے علاقے بھاگ ناڑی میں مسلح افراد نے لیویز تھانے پر حملہ کر کے عمارت کو آگ لگا دی، جبکہ تھانے میں موجود اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ حملے کے دوران اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں انسپکٹر لطف علی کھوسہ شہید ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے تھانے پر قبضے کے بعد قریبی بینک میں توڑ پھوڑ کی اور شہر کے مختلف حصوں میں گشت کرتے رہے۔ حملہ آوروں کی فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاعات کے مطابق واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے فضائی نگرانی کا بھی امکان ہے جبکہ مزید کمک روانہ کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں