ژوب، بلوچستان ( آئی ایس پی آر)بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب ایک بڑے آپریشن میں بھارتی اسپانسرڈ “فتنہ الخوارج” گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد پاکستان-افغان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کر کے انہیں نشانہ بنایا۔ شدید جھڑپ میں 33 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا۔
علاقے میں موجود دیگر خارجی دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنائی اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

