ہالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ بلیک لائیولی نے اپنے ساتھی اداکار اور ہدایت کار جسٹن بیلڈونی پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 37 سالہ بلیک لائیولی کی جانب سے 40 سالہ جسٹن بیلڈونی پر جنسی ہراسانی کا مقدمہ بھی دائر کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی سال ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم (It Ends with Us) کی شوٹنگ کے دوران تعلقات خراب ہونے کے کچھ ماہ بعد اب اس مقدمے کی خبر سامنے آئی ہے۔
اداکارہ کی جانب سے دائر مقدمے میں فلم پروڈکشن کے دوران جسٹن بیلڈونی کے مبینہ رویے اور حرکات سے متعلق کئی الزامات لگائے گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مقدمے میں اداکارہ نے جسٹن بیلڈونی پر سب کے سامنے وزن سے متعلق نامناسب باتیں، غیر اخلاقی موضوعات پر گفتگو کرنے اور دیگر الزامات لگائے ہیں۔
دوسری جانب اداکار کے وکیل برائن فریڈمین نے مقدمے کے جواب میں الزامات کو جھوٹا اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔وکیل کا کہنا ہے کہ اداکارہ بلیک لائیولی نے فلم کی شوٹنگ چھوڑنے اور پروموشن نہ کرنے کی دھمکی دی تھی جس کی وجہ سے فلم کی ریلیز پر بھی اثر پڑا۔