وزیراعظم شہباز شریف، بل گیٹس کا پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عزم کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے کےلیے قومی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں گیٹس فاؤنڈیشن کے بل گیٹس نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کا صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمے کا عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی نقل و حمل کے باعث پولیو وائرس پاکستان آیا، پولیو کے خاتمے کےلیے ہمیں فوری عمل کرنا ہوگا۔شہبا زشریف نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 3 سالوں میں پولیو کے خاتمے کےلیے مالی معاونت میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سالوں میں انسداد پولیو کےلیے مالی معاونت کا 30 فیصد گیٹس فاؤنڈیشن کا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں پولیو خاتمے، بنیادی صحت، بچوں کی بہتر نشونما میں گیٹس فاونڈیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کےلیے ملک کو پولیو سے پاک کرنا ہے، حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اس مسئلے سے موثر انداز میں نمٹنا ہے، گزشتہ 6 ماہ میں انسداد پولیو کی 6 مہمات مکمل کی گئیں۔انہوں نے بل گیٹس کو مخاطب کرکے کہا کہ انسانیت کےلیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں، ملک میں صحت کے شعبے میں آپ کی خدمات سے پاکستان مستفید ہورہا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تعاون پر آپ کے شکر گزار ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں