بنوں (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز)بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں دو جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک کردیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہِ مقدس کے دوران بھی دہشت گرد کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان دہشت گردی کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا اور ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے آگے بڑھائی جائے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک دشمن عناصر کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

