بنوں (نمائندہ خصوصی)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ہوید کے علاقے شیخ لنڈک پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے رات دیر گئے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ریجنل پولیس آفیسر کے ترجمان کاشف نواز کے جاری کردہ بیان کے مطابق فتنہ الخوارج دہشت گردوں نے جمعرات کی رات دیر گئے پولیس پوسٹ پر اچانک حملہ کیا۔ پولیس اہلکاروں نے بروقت اور دلیری سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی بھرپور اور مؤثر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے ساتھ مسلح قبائلی اور امن کمیٹی کے ارکان نے بھی مشترکہ کارروائی میں حصہ لیا۔ اس دوران پانچ پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید کہا گیا کہ بنوں کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سجاد خان کی ہدایت پر اضافی فورس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ بنوں ڈی آئی جی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) یاسر آفریدی نے پولیس کی کوششوں اور عوام کے تعاون کو سراہا۔
ڈی پی او بنوں نے اسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی اور کہا کہ بنوں پولیس نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ امن کے دشمنوں کے سامنے مضبوط دیوار بن کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

