بنوں: پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، 14 دہشت گرد سہولت کار گرفتار

بنوں، خیبر پختونخوا (نامہ نگار)حالیہ ڈرون/کواڈ کاپٹر حملوں کے بعد بنوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 14 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا، تین ٹھکانے مسمار کر دیے گئے اور تین گاڑیاں (دو موٹر سائیکل، ایک رکشہ) قبضے میں لے لی گئیں۔

ترجمان بنوں پولیس خانزالہ قریشی کے مطابق پاکستان آرمی اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہوا اور وزیرآباد کے علاقوں میں کارروائی کی۔ آپریشن وزیرآباد اور دریائے ٹوچی کے ساتھ واقع ٹوڈو نار میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ مجموعی طور پر پانچ مشتبہ اہداف کو کلیئر کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے ہوید بازار اور ملحقہ علاقوں میں گشت کو یقینی بنایا اور شہریوں کی حفاظت کیلئےکرفیو نافذ کر کے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کا مقصد علاقے کو دہشت گردی سے پاک کر کے پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا کہ کسی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری حکام کو دیں۔ دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے جس پر سخت کارروائی ہو گی۔

گزشتہ ہفتے بنوں میں چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے تھے جبکہ تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔ جولائی میں میریان پولیس اسٹیشن پر ایک ماہ کے دوران پانچویں بار کوآڈ کاپٹر سے حملہ ہوا تھا۔ حالیہ مہینوں میں بنوں، پشاور، کرک، لکی مروت اور باجوڑ دہشت گرد حملوں کی زد میں رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں