بنوں(نمائندہ خصوصی)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں رات گئے دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے پولیس چوکی پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے، باقی فرار ہوگئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کی اور شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصیل فتح خیل میں واقع پولیس چوکی پر رات گئے دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر مؤثر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے بھرپور ردعمل میں تین دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا، اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

