بنگلادیش: انتخابات سے قبل بھتہ خوری روکنے کی اپیل، بی این پی امیدوار کی ویڈیو پر ہنگامہ

ڈھاکا(ایجنسیاں)بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے نامزد امیدوار سرور جمال نظام کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں وہ 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات تک بھتہ خوری کی سرگرمیاں روکنے کی اپیل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

چٹوگرام-13 کے حلقے سے امیدوار سرور جمال نظام نے انورا اپازیلہ کے علاقے چھاتاری میں ایک انتخابی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بدامنی، دہشت گردی اور بھتہ خوری کے واقعات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر بھتہ لینے والوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ انتخابات تک ایسی سرگرمیاں بند رکھیں۔

تقریر کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سیاسی حلقوں اور سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ بیان سے غلط تاثر پیدا ہوا، جبکہ حامیوں کے مطابق ان کے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

سرور جمال نظام نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات کا مقصد ان عناصر کو تنبیہ کرنا تھا جو انتخابی ماحول میں بی این پی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے واضح طور پر عوام کو ہراساں کرنے سے باز رہنے کا کہا تھا اور بیان کے بعض حصے کاٹ کر تنازع کھڑا کیا گیا۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر کسی نے مجرمانہ سرگرمیوں کے ذریعے پارٹی کی بدنامی کی کوشش کی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔بنگلادیش میں 12 فروری کو ہونے والے انتخابات کے تناظر میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں اور مختلف جماعتوں کے بیانات سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔