بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان اسکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہوگی

بنگلادیش کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہوگی۔

پاکستان ٹیم نے آخری ٹیسٹ میچ جنوری میں آسٹریلیا میں کھیلا تھا اور اب ٹیسٹ اسکواڈ میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق کئی کھلاڑی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر اسکواڈ میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔

محمد ہریرہ اور صاحبزادہ فرحان کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ فہیم اشرف، وسیم جونیئر، صائم ایوب اور نعمان علی کا جگہ بنانا مشکل ہے۔

علاوہ ازیں اسکواڈ میں شمولیت کے لیے امام الحق کے نام پر بحث ہوگی جبکہ عامر جمال اور حسن علی کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ بال فارمیٹ میں ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی پاکستان واپسی پر ٹیسٹ اسکواڈ کو فائنل کیا جائے گا۔

جیسن گلیسپی پاکستان شاہینز کے ساتھ ان دنوں ڈارون میں موجود ہیں جو بنگلادیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان آجائیں گے۔

ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ٹریننگ کیمپ اگست کے دوسرے ہفتے میں لگایا جائے گا جبکہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں