ڈھاکا: بنگلادیش کی 17 رکنی عبوری حکومت کے ارکان کی جانب سے حلف اٹھالیا گیا، محمد یونس نئی حکومت کے چیف ایڈوائزر ہونگے۔
نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کا حلف اٹھالیا جبکہ ان کے ساتھ ساتھ دیگر 17 ارکان کی جانب سے عہدے کا حلف اٹھایا لیا گیا ہے، طلبا تحریک کے 2 اہم رہنما بھی عبوری حکومت میں شامل ہیں۔
بنگلہ دیش طلبا تحریک کے اہم رہنما ناہد اسلام اور آصف محمود کو مشیروں میں شامل کیا گیا ہے، بنگلہ دیش کی نئی عبوری حکومت میں کوئی سیاستدان شامل نہیں۔
ملک میں مخلوط عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا تھا کہ طلبہ نے ملک کو بچایا ہے اور بنگلہ دیش نوجوانوں کا ہے۔
ڈاکٹر محمد یونس نے وطن واپسی کے بعد طلبہ رہنماؤں کے ہمراہ ڈھاکا میں پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گھر آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، ہم سب کو مل کر ملک کے لیے کام کرنا ہوگا۔
وہ گفتگو کے دوران آبدیدہ بھی ہوگئے، انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو طلبہ نے بچایا ہے اور یہ ملک نوجوانوں کا ہے، ہمیں انتشار سے بچنے کے لیے حکمت عملی بنانا ہوگی اور امن قائم کرنا ہوگا۔
عہدے کا حلف لینے سے قبل ڈاکٹر محمد یونس نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
محمد یونس نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ بھارت کے بنگلا دیش میں موجود غلط لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اس کو اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کے مستعفی اور ملک سے فرار ہونے کے بعد آج سے عبوری مخلوط حکومت قائم ہوگئی ہے جس کی قیادت نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کریں گے۔