کُنمِنگ (چین): بنگلہ دیش، چین اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی تعاون کے میکانزم کا پہلا اجلاس آج چین کے صوبہ یوننان کے دارالحکومت کُنمِنگ میں منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں چین کے نائب وزیر خارجہ سُن ویڈونگ، بنگلہ دیش کے قائم مقام سیکریٹری خارجہ روحالعالم صدیقی، اور پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ عمران احمد صدیقی نے شرکت کی۔
پاکستان کی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے اجلاس کے پہلے مرحلے میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اپنے افتتاحی کلمات میں سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ نے سہ فریقی میکانزم کے آغاز پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے میں عوامی مفاد پر مبنی ترقی کیلئےمشترکہ عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان گہرے روابط کی خواہش کا اظہار کیا۔
آمنہ بلوچ نے پاکستان، چین اور بنگلہ دیش کے مابین بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان ظاہر کیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، ڈیجیٹل معیشت، ماحولیاتی تحفظ، سمندری سائنس، سبز انفراسٹرکچر، ثقافت، تعلیم اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئےپُرعزم ہے۔
تینوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سہ فریقی تعاون کی بنیاد کھلے پن، شمولیت، اچھے ہمسائیگی کے تعلقات، باہمی احترام اور اعتماد پر ہو گی، اور باہمی مفاد کے اصولوں کے تحت آگے بڑھا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سہ فریقی مفاہمتوں پر عملدرآمد کیلئےایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا، جو اجلاس کے دوران طے شدہ امور کو عملی شکل دے گا۔

