بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ عمران احمد صدیقی نے آج بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر برائے پاکستان، معزز جناب محمد روح العالم صدیق، کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ دیا، جو اسلام آباد میں اپنی مدت مکمل کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ عمران احمد صدیقی نے اقوام متحدہ کے 10ویں الائنس آف سولائزیشنز (یو این اے او سی) گلوبل فورم میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔دفتر خارجہ کے مطابق یو این اے او سی کے اعلیٰ سطحی گروپ آف فرینڈز کی وزارتی میٹنگ اور مذہبی مقامات کی حفاظت پر عالمی کانفرنس کاسکیس پرتگال میں منعقد ہوئی ۔ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وفد میں پرتگال میں پاکستان کے سفیر خالد اعجاز بھی شامل تھے۔

عمران احمد صدیقی نےاس موقع پر اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئےپاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ اور مساجد پر دانستہ حملوں ،جو اکثر استثنااور ریاستی اجازت کے ساتھ کئے جاتے ہیں، میں خطرناک حد تک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے یو این اے او سی پر زور دیا کہ وہ تباہی کے خطرے سے دوچار مساجد اور دیگر اسلامی مذہبی اور ثقافتی ورثے کے حامل مقامات کے تحفظ کو ترجیح دے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں