ڈیووس(ایجنسیاں) وائٹ ہاؤس اور عالمی اقتصادی فورم کے مطابق ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر غزہ سے متعلق بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط کر دیے گئے، جس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سمیت ارجنٹائن، آرمینیا، آذربائیجان، بلغاریہ، ہنگری، انڈونیشیا، قازقستان، کوسوو، پیراگوئے، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ نے بھی چارٹر پر دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئےکوشاں ہیں اور امن کی کوششوں کی کامیابی کیلئےپُرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ امن بورڈ میں بہت سے ممالک شامل ہونا چاہتے ہیں اور بورڈ میں شمولیت پر تمام ممالک کے شکر گزار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ناممکن اور بڑے کام کیے ہیں، گزشتہ دس ماہ میں 8 جنگیں بند کروائی، دو ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی، جس سے دنیا مزید محفوظ ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ شام کے صدر سے بات کی اور شام پر عائد تمام پابندیاں ہٹائی گئیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کیلئےبھی تیار ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ بورڈ آف پیس میں سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کا انتہائی اہم کردار ہے اور جنگیں رکوانے کے بعد دنیا گزشتہ سال کے مقابلے میں آج زیادہ محفوظ، پُرامن اور خوشحال ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے دستخط کرنے پر اظہار تشکر بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کیے اور کہا کہ یہ اقدام عالمی امن کیلئےاہم پیشرفت ہے۔

