ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) – اونٹاریو لبرل پارٹی کی رہنما، بونی کرومبی نے ایک ویڈیو پیغام میں کمیونٹی کو پارٹی کی آئندہ سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) میں شرکت کی بھرپور دعوت دی ہے۔ یہ اہم اجلاس 12، 13 اور 14 ستمبر کو ٹورنٹو کے شیرٹن ہوٹل میں منعقد ہوگا۔
اپنے پیغام میں، بونی کرومبی نے اس ایونٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا، “مجھے امید ہے کہ آپ ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔”
انہوں نے ووٹنگ کے طریقہ کار کی بھی وضاحت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹنگ جمعہ کی شام اور ہفتے کی صبح سے دوپہر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹ ڈالنے کیلئے تمام اراکین کو ذاتی طور پر موجود ہونا لازمی ہے اور پراکسی ووٹنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
بونی کرومبی نے کہا، “ووٹ ڈالنے کیلئے آپ کو ذاتی حیثیت میں موجود ہونا پڑیگا، اسلئے ضرور تشریف لائیں۔”انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام ان الفاظ کے ساتھ کیا، “مجھے امید ہے کہ میں آپ سب کو ٹورنٹو میں ہونے والی اس اے جی ایم میں دیکھوں گی۔ آپ سب سے وہاں ملاقات ہوگی۔”
یہ اجلاس پارٹی کی پالیسیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیلئےایک اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔

