پنجاب حکومت سکولوں میں خسرہ ویکسین لگائیگی،ہر خصوصی مہم کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن لازمی قرار:خواجہ عمران نذیر
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس محکمہ صحت و آبادی کے میٹی روم میں منعقد ہوا جس میں 17 نومبر سے شروع ہونے والی خسرہ/روبیلا ویکسین مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا-اجلاس کو 17 نومبر سے شروع ہونے والی انسداد خسرہ مہم کی تیاریوں بارے بریفنگ دی گئی-سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب، سیکرٹری تعلیم سکولز، سپیشل سیکرٹری صحت عون عباس بخاری، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم، اے ایس ٹیکنیکل ڈاکٹر زوہیب خان، اے ایس ورٹیکل پروگرام بھی اجلاس میں موجودتھے-صوبہ بھر سے صحت و تعلیم کے سی ای اوز نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی-
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صوبے کے ہر بچے کو صحت مند و توانا دیکھنا چاہتی ہیں اسی لئے خسرہ ویکسین کے ساتھ ساتھ 11 منتخب اضلاع میں پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ انہوں نے ہر خصوصی مہم کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن لازمی قرار دے دی- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ سکولز کے تعاون سے پہلے بھی ایچ پی وی کی مہم تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہوئی.
ایچ پی وی مہم میں محکمہ سکولز کے تعاون سے 90 فیصد سے زیادہ کی کوریج کے اہداف حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچاو پر کام کرنے سے ہسپتالوں پر لوڈ مینجمنٹ ممکن ہو پائے گی اور علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای پی آئی پنجاب کی تمام ویکسین 100 فیصد محفوظ اور پوری دنیا میں زیر استعمال ہے- خواجہ عمران نے خسرہ/ روبیلا ویکسینیشن مہم میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کو بھی اعتماد میں لینے کی ہدایت کی-
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم ای پی آئی پروگرام کو مذید مظبوط کریں گے تاکہ ائیندہ کسی سپیشل مہم کی ضرورت نہ پڑئے-انہوں نے خسرہ/روبیلا ویکسینیشن مہم میں 100 فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بر وقت اقدامات کی بدولت گذشتہ سال کی نسبت امسال خسرہ کیسسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، ہمیں کامیابی کے اسی تناسب کو مذید بہتر بنانا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے دوران 17 ملین بچوں کو خسرہ روبیلا سے بچاو کی ویکسین دی جائے گی-مہم کے دوران منتخب اضلاع کے 5۔5 ملین بچوں کو او پی وی ویکسین بھی دی جائے گی-انہوں نے کہاکہ تمام سی ای او ہیلتھ اپنے اپنے اضلاع میں ہر ہیلتھ فیسیلیٹی میں ویکسین کی دستیابی یقینی بنائیں-صوبائی وزیر نے مہم کی کامیابی کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صحت و سکولز کے سی ای اوز مربوط رابطہ یقینی بنائیں، کسی سستی کی گنجائش نہیں-

