بجرنگی بھائی جان کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں کیا جاتا ہے، جس میں سلمان خان، کرینہ کپور، نوازالدین صدیقی اور ہرشالی ملہوترا نے شاندار اداکاری کرکے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔
یہ فلم ایک بھارتی شہری کی کہانی پر مبنی ہے جو قوت گویائی سے محروم کمسن لڑکی کو پاکستان میں اس کے گھر واپس لے جانے کا کام سر انجام دیتا ہے۔
حال ہی میں نوازالدین صدیقی نے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے سے متعلق اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے فلم کے سیٹ پر ان کے ساتھ شاندار ماحول کی تعریف کی۔
ایک انٹرویو کے دوران نوازالدین صدیقی نے بجرنگی بھائی جان کے ایک سین کا ذکر کیا جس میں سلمان خان نے انہیں اٹھایا تھا۔ انہوں نے دشوار گزار راستوں اور تھکن کے حوالے سے بھی بات کی۔
نوازالدین صدیقی نے سلمان خان کے ساتھ کام کے حوالے سے اپنے تجربے پر بھی بات کی اور بجرنگی بھائی جان کی شوٹنگ کے دوران خوشگوار ماحول کو بیان کیا اور شوٹ کے بعد مشترکہ کھانے کے ماحول کا خصوصی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ بجرنگی بھائی جان کا شوٹ واقعی حیرت انگیز تھا، سلمان بھائی کی فلموں کا ماحول بہت اچھا ہوتا ہے۔ ہم ساتھ بیٹھتے ہیں اور شوٹ کے بعد کھانا کھاتے بھی ہیں۔