گواہاٹی(بھارتی میڈیا)بالی ووڈ کے سینئر اداکار آشوِش ودیارتھی اور ان کی اہلیہ روپالی باروا سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 63 سالہ آشوِش ودیارتھی اور 52 سالہ روپالی باروا گواہاٹی میں پیش آنے والے ایک حادثے میں زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں رات کے کھانے کے بعد سڑک عبور کر رہے تھے کہ ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر جوڑے کو ایمرجنسی سروسز کے ذریعے اسپتال منتقل کیا، جبکہ موٹر سائیکل سوار بھی زخمی حالت میں زیرِ علاج ہے۔
واقعے کی خبر سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی اداکار کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بعد ازاں آشوِش ودیارتھی نے خود سوشل میڈیا پر آ کر مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ محفوظ ہیں، کسی قسم کی سنگین چوٹ نہیں آئی اور دونوں ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔اداکار نے مداحوں اور خیر خواہوں کی جانب سے ملنے والے دعائیہ پیغامات اور نیک تمناؤں پر شکریہ بھی ادا کیا۔

