راولپنڈی(آئی ایس پی آر، عرب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں ہونیوالی 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ فورم نے ملکی دفاع اور انسدادِ دہشت گردی آپریشنز میں تیزی برقرار رکھنے اور دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم دہرایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔ اجلاس کا آغاز حالیہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ فورم نے انسدادِ دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
فورم نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے بیانات کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا رویہ علاقائی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ کانفرنس نے واضح کیا کہ کسی بھی ’خیالی نئے معمول‘ یا بھارتی مہم جُوئی کا جواب پاکستان کی جانب سے ‘فیصلہ کن اور فوری ردعمل’ کی نئی پالیسی کے تحت دیا جائے گا۔
اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کیلئےپوری طرح تیار ہیں اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام آپشنز بروئے کار لائے جائیں گے۔ فورم نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس، بشمول ‘فتنۃ الخوارج’ اور ‘فتنۃ الہندستان’ جیسے عناصر کے خلاف جامع انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطح کی سفارتی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا اور سعودی عرب کے ساتھ حالیہ اسٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا جس سے دو طرفہ اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہونے اور مشترکہ دفاعی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد ملے گی۔ فورم نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اختتامی کلمات میں تمام کمانڈرز کو اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، اختراع اور بروقت ردعمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کے قابل ہے۔

