لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پراپیگنڈے اور خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں اس اہم وفد کی قیادت سونپ دی۔ یہ وفد دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرے گا۔
وفد میں شامل دیگر نمایاں شخصیات میں ڈاکٹر مصدق ملک، انجینئر خرم دستگیر، سینیٹر شیری رحمان، حنا ربانی کھر، فیصل سبزواری، تحمینہ جنجوعہ اور جلیل عباس جیلانی شامل ہیں۔
یہ وفد لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز جیسے اہم عالمی مراکز کا دورہ کرے گا جہاں وہ نہ صرف بھارتی پراپیگنڈے کو بے نقاب کرے گا بلکہ پاکستان کی امن کی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار، اور ذمہ دار ریاست کے طور پر اس کی پالیسیوں کو بھی اُجاگر کرے گا۔
وزیرِ اعظم نے وفد کو ہدایت کی ہے کہ وہ دنیا کے سامنے یہ واضح کرے کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے جبکہ بھارت اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے ذریعے خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔

