ایبٹسفورڈ(پولیس، بھارتی میڈیا) بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کینیڈا کے شہر ایبٹسفورڈ میں فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 5 ستمبر کی رات تقریباً 11 بجے ایبٹسفورڈ کے میکلم روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والی بلٹ پروف گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے منسلک قافلے کا حصہ تھی اور گاڑی پر 7 گولیاں چلائی گئیں، تاہم پولیس نے تاحال باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کرنے والوں کا اصل ہدف کون تھا۔
فائرنگ کے کچھ دیر بعد پولیس کو قریبی علاقے میں ایک گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی ملی۔ اہلکاروں نے سنی سائیڈ پلیس کے علاقے میں پہنچ کر ایک گاڑی کو مکمل طور پر جلی ہوئی حالت میں پایا۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ گاڑی میں آگ لگنے کا واقعہ فائرنگ سے منسلک ہے یا نہیں۔
دوسری جانب ایمی ورک کے والد کُلجیت سنگھ نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ میں گلوکار یا ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔کُلجیت سنگھ نے بتایا کہ ایمی ورک بالکل محفوظ ہیں اور فائرنگ کا تعلق ممکنہ طور پر کنسرٹ کے منتظمین سے منسلک گاڑی سے تھا۔

