کرناٹک(ٹائمز آف انڈیا)بھارت کے متنازع ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے کنڑ زبان کے شو کے سیٹ پر ریاستی حکومت کے چھاپے کے بعد اسٹوڈیو کو سیل کرکے نشریات معطل کردی گئیں۔ بعد ازاں ضلعی انتظامیہ نے پروڈکشن ٹیم کو 10 دن کی عارضی اجازت دی تاکہ شو دوبارہ شروع ہو سکے۔
بھارتی اخبارات کے مطابق جولی ووڈ اسٹوڈیوز اینڈ ایڈونچرز میں واقع شو کے سیٹ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے بند کیا گیا تھا۔ حکام نے سیٹ پر متعدد مسائل کی نشاندہی کی، جن میں سیوریج اور کوڑا کرکٹ کا غلط انتظام، 250 کے ایل ڈی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا غیر فعال ہونا، بغیر اجازت ڈیزل جنریٹرز کا استعمال اور پلاسٹک و کاغذی کچرے کا غیر قانونی انتظام شامل ہے۔
کرناٹک اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ (KSPCB) نے بھی ان مسائل کی تصدیق کی تھی۔ حکومتی چھاپے کے بعد شو کے مقابلہ کرنے والوں کو ایگلٹن ریزورٹ منتقل کیا گیا اور نشریات عارضی طور پر روک دی گئیں۔
پروڈکشن ٹیم نے نشریات رکنے کے دوران پرانے ریکارڈ شدہ مواد کا استعمال کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی 10 دن کی عارضی اجازت پروڈکشن ٹیم کو ماحولیاتی قوانین پر عمل کرنے، مسائل حل کرنے اور طویل مدتی اجازت کے لیے بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اگر پروڈکشن ٹیم قوانین پر عمل نہ کرتی ہے تو شو پر دوبارہ پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔ بھارت میں بگ باس کے شو کے ہندی اور کنڑ کے علاوہ دیگر مقامی زبانوں میں بھی نسخے پیش کیے جاتے ہیں۔

