بھارت: جودھپور میں شادی سے قبل 2 بہنوں کی موت، پوسٹ مارٹم میں زہر کی تصدیق

جودھپور ،راجستھان(ایجنسیاں) بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کے گاؤں منائی میں شادی سے ایک روز قبل جاں بحق ہونیوالی دو بہنوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہر خورانی سے موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔پولیس کے مطابق 25 سالہ شوبھا اور 23 سالہ وملا ہفتے کے روز شادی کے بندھن میں بندھنے والی تھیں اور جمعہ کی رات تک گھر میں تقریبات کی تیاریاں جاری تھیں۔ رات گئے دونوں کی طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہریلا مادہ جسم میں پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں بہنیں ایک نجی اسکول میں ملازمت کرتی تھیں اور پولیس کو شبہ ہے کہ وہ اپنی طے شدہ شادیوں سے خوش نہیں تھیں تاہم واقعے کے مقام سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا۔پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اہلِ خانہ سے بھی مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ واقعے نے علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کی فضا قائم کر دی ہے۔