بھارت نے مقامی ساختہ تیجس لڑاکا طیاروں کا مکمل فلیٹ گراؤنڈ کردیا

نئی دہلی (ایجنسیاں) بھارت نے مقامی طور پر تیار کردہ HAL Tejas لڑاکا طیاروں کا مکمل فلیٹ عارضی طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 فروری کو پیش آنیوالے واقعے کے بعد بھارتی فضائیہ نے زیرِ استعمال تمام 35 تیجس طیاروں کو پروازوں سے روک کر ان کی جامع تکنیکی جانچ شروع کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب ایک سنگل سیٹ تیجس طیارہ مغربی محاذ پر واقع ایک فارورڈ بیس سے ٹیک آف کے دوران رن وے سے پھسل کر قریب موجود کیچڑ سے بھرے گڑھے میں جا گرا۔ حادثے کے وقت طیارہ 170 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار حاصل کر رہا تھا اور اس واقعے میں پائلٹ زخمی ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی، جس کے باعث پورے بیڑے کی تفصیلی جانچ کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ تکنیکی خرابی یا حفاظتی مسئلے کی نشاندہی کی جا سکے۔

واضح رہے کہ 2016 میں بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد تیجس طیاروں کو یہ تیسرا بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں راجستھان کے جیسلمیر میں ایک تیجس تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا، جبکہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ایک ونگ کمانڈر ہلاک ہو گیا تھا۔