واشنگٹن / اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور امریکا میں موجود اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع مذاکرات کے آغاز میں فعال اور مؤثر کردار ادا کریں، تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام ممکن ہو سکے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی سمیت تمام اہم امور پر بات چیت کیلئےتیار ہے، تاہم مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو بنیادی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ایک ارب 70 کروڑ عوام کو نامعلوم اور غیر ریاستی عناصر کے ہاتھوں یرغمال بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت دہشت گردی کے واقعات کے جواب میں جنگ کو جواز بنا کر ایک خطرناک نظیر قائم کر رہا ہے، جو خطے کے امن کیلئےسنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
بلاول بھٹو نے عالمی برادری بالخصوص امریکا پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن کے قیام اور دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔

