ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف لابنگ شروع کرتے ہوئے 24 جولائی کو ڈھاکا میں ہونے والی ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے ایشیا کپ 2025 کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
باوثوق ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے معاملے پر پاکستان کے خلاف جارحانہ لابنگ شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت دیگر رکن ممالک کو دھمکیاں دے کر اور مراعات کا لالچ دے کر میٹنگ کے بائیکاٹ پر آمادہ کر رہا ہے۔
ورلڈ چیمپئن شپ لیجنڈ میں حالیہ پاکستان-بھارت میچ کی اچانک منسوخی کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارتی بورڈ ایشیا کپ پر بھی اسی طرز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گا۔
یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے موجودہ صدر محسن نقوی نے 24 جولائی کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں اہم میٹنگ طلب کر رکھی ہے، جس میں ایشیا کپ 2025 کے انعقاد پر حتمی فیصلے متوقع ہیں۔ تاہم بھارت نے نہ صرف اس میٹنگ میں شرکت سے انکار کا عندیہ دیا ہے بلکہ اس نے بعض دیگر رکن ممالک کو بھی اپنے مؤقف کی حمایت پر راضی کر لیا ہے۔
اے سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق اگر تین سے چار فل ممبر اس میٹنگ کا بائیکاٹ کرتے ہیں تو اجلاس مؤخر یا منسوخ ہو سکتا ہے، جس سے براہِ راست ایشیا کپ کے انعقاد پر منفی اثر پڑے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور اے سی سی انتظامیہ تاحال اس بات پر قائم ہیں کہ میٹنگ مقررہ تاریخ پر ہی ہو گی۔ تاہم بھارتی دباؤ اور ممکنہ بائیکاٹ کے پیش نظر ایشیا کپ 2025 کے مستقبل پر غیریقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔

