بھارت: ہیلی کاپٹر کی سمندر میں کریش لینڈنگ، تمام افراد محفوظ

انڈمان و نکوبار (ایجنسیاں) بھارت کے جزائر انڈمان و نکوبار جزائر میں تکنیکی خرابی کے باعث ایک ہیلی کاپٹر کو سمندر میں کنٹرولڈ کریش لینڈنگ کرنا پڑی، تاہم بروقت ریسکیو آپریشن کے نتیجے میں تمام سات افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر پرواز کے دوران فنی خرابی پیدا ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاون ہنس کے زیر انتظام ہیلی کاپٹر نے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر سری وجیا پورم سے مایابندر کے لیے اڑان بھری تھی۔

پرواز کے دوران خرابی کے باعث پائلٹ نے مایابندر کے قریب سمندر میں مہارت کے ساتھ کنٹرولڈ لینڈنگ کی۔ ہیلی کاپٹر میں 2 عملے کے ارکان اور 5 مسافر سوار تھے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔

تمام افراد کو فوری طور پر ریسکیو کر کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ حکام نے تصدیق کی ہے کہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔سینئر سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث پائلٹ نے پانی پر لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔