کراچی(کلچرل ڈیسک) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے نام سے منسوب جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے لوگوں سے پیسے مانگنے والوں کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو خبردار کردیا ہے۔
بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ بعض بےشرم لوگ ان کی تصاویر اور نام استعمال کرکے لوگوں سے بھیک مانگ رہے ہیں اور دعویٰ کررہے ہیں کہ وہ غریبوں اور بیواؤں کی مدد کے لیے چندہ جمع کررہے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ جعلی اکاؤنٹس یہ کہہ رہے ہیں کہ آج جمعرات ہے اس لیے مدد کی جائے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی سے پیسے نہیں مانگے، اگر کسی کی مدد کرنی ہو تو وہ خود کرتی ہیں، عطیات جمع نہیں کرتیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ اب بھیکاری سوشل میڈیا پر بھی آگئے ہیں، عوام ایسے جعلی اکاؤنٹس کو فالو نہ کریں اور صرف ان کے اصل اکاؤنٹس پر ہی یقین کریں۔اداکارہ کے مطابق وہ جعلی اکاؤنٹس کی نشاندہی کرکے متعلقہ پلیٹ فارمز پر رپورٹ بھی کرچکی ہیں اور عوام سے اپیل ہے کہ دھوکے سے بچیں۔

