اسلام آباد : بیرون ملک سے موبائل فون لانے والوں کیلئے بڑی خوش خبری آگئی، ایف بی آر نے جاری نوٹیفکیشن منسوخ کردیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیگیج اسکیم کے تحت ایک سے زائد موبائل ساتھ لانے پر پابندی کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا گیا، ذرائع ایف بی آر نے بتایا کہ نوٹیفکیشن مشاورت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے منسوخ کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ موجودہ 2006 کے قوانین کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو اب بھی دو موبائل لانے کی اجازت ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیا ساتھ لانے پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، جس کے تحت کوئی بھی شخص ذاتی استعمال کیلئے ایک فون لاسکےگا۔
اس سلسلے میں ایف بی آرنے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ، نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ بیرون ملک سے ذاتی استعمال کیلئے ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی، اب 1200 ڈالرز سے زائد مالیت کی اشیا کمرشل تجارت تصور ہوگی۔نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ ایک موبائل فون کے سوا تمام موبائل فون ضبط کرلیے جائیں گے، اضافی اشیا ڈیوٹی، ٹیکس، جرمانہ ادا کرنے کے باوجود بھی کلیئر نہیں ہونگی، بیگج رولز 2006 میں مزید ترامیم سے متعلق مسودہ جاری کیا گیا تھا۔